اسلام نے مجھے بہترین انسان بنا دیا: پال پوگبا

   

مانچسٹر ۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) مانچسٹر یونائیٹڈ کے مہنگے ترین فٹ بالر اور نومسلم کھلاڑی پال پوگبا نے مشرف بہ اسلام ہونے اورراہ ہدایت اختیار کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام انسانیت کا دین ہے جس نے مجھے بہترین انسان بنا دیا۔ 26 سالہ پوگبا نے انکشاف کیا کہ زندگی میں بہت مشکل اوقات دیکھے۔ اپنے بعض دوستوں کے ذریعے میرا تعارف دین اسلام کے ساتھ ہوا۔ اسلام کے مطالعے نے مجھے ایمان کی دولت سے سرفراز کردیا۔ پال پوگبا کے بموجب اسلام میرے لیے جملہ کائنات ہے۔ دین نے میرا سب کچھ بدل دیا۔آج میں بہت اطمینان اور خوشی محسوس کرتا ہوں۔ میں شعوری طور پرکہہ سکتا ہوں کہ میری زندگی بدل گئی ہے۔ میرا ضمیر مطمئن اور پہلے سے زیادہ خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں۔ دنیا کے امیر ترین فٹبالر میں شمار ہونے والے پوگبا نے کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد میری زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ میں پیدائشی مسلمان نہیں تھا۔ دہشت گردی کے بارے میں جو باتیں ہم ذرائع ابلاغ سے سنتے ہیں وہ ایک الگ چیز ہے۔ جہاں تک اسلام کا تعلق ہے تو اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔