اسلام کی ساری تعلیمات ،احکامات و اخلاق انسانیت پر مبنی

   

مجلس مذاکرات بضمن عرس حضرت سید شاہ راجوؒ سے مفتی خلیل احمد‘ ڈاکٹر عبدالحمید ‘ ڈاکٹراویس بخاری ‘ مولانا شاہد اور دیگر علماء کا خطاب
حیدرآباد۔ 6 ۔ ستمبر ۔ (پریس نوٹ) ۔ انسانیت اسلام کا دوسرا نام ہے اور انسانیت کو اگر ہم عربی میں کہے تو اسلام ہے۔ اسلام کی ساری تعلیمات اور سارے احکامات اخلاق و انسانیت پر مبنی ہے۔ خواہ عبادت، خواہ معاملات ہو، خواہ کوئی دنیاوی مقاصد ہو سب کے سب انسانیت پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی خلیل احمد‘ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے سالانہ مجلس مذاکرات بسلسلہ عرس شریف قطب الاقطاب حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی کے ضمن میں 2 ستمبر بعد نماز مغرب آستانہ عالیہ مصری گنج میں صدارتی خطاب میں کیا۔ ڈاکٹر عبدالحمید اکبر نے بعنوان ’’حضرت شاہ راجوؒ بحیثیت مصنف ‘‘ پر اپنا مقالہ پیش کیا ۔ حافظ سید خلیل اللہ اویس بخاری نقشبندی نے ’’صوفیاء کرام تحفظ انسانیت کے علمبردار‘‘ پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل نے سارے انبیاء و رسل کو زمرۂ انسانیت میں منتخب فرماکر انسانیت کا تحفظ فرمایا ہے ۔ مولانا شیخ شاہد ندیم نے ’’شریعت اسلامی اور یکساں سول کوڈ ‘‘ کے عنوان پر کہا کہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کو قومی یکجہتی اور اتحاد جیسے پرفریب نعروں کے ذریعہ بیان کیا جارہا ہے۔ ’’One Nation One Law‘‘ کا نعرہ بلند کیا جارہا ہے جبکہ نکاح، طلاق اور وصیت و وراثت جیسے خاندانی مسائل کی وجہ سے کبھی دوفرقوں کے درمیان اختلاف نہیں رہا اس لئے کہ یہ سب معاملات ایک ہی فرقہ کے دو افراد کے درمیان ہوتے ہیں ۔ مولانا سید شاہ ندیم اللہ حسینی‘ سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ سرزمین ہند کو رسول اللہؐ کی عطا حضرت خواجگان خواجہ اعظم غریب نواز سیدنا معین الدین چشتی سنجری کی باکمال شخصیت ملی۔ تاریک ملک کو نورستان بنادیا ۔ قاری محمد عبدالعلی صدیقی کی قرأت کلام پاک سے مجلس مذاکرات کا آغاز ہوا۔ جناب محمد شفیع قادری اور قاری محمد اسداللہ شریف نقشبندی نے نعت شریف اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے منقبت پیش کی۔ حافظ حسین محمد نقشبندی‘ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب سید کریم الدین‘ نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی و قادری ‘ مذاکرات اور سید شاہ قبول اللہ حسینی ‘ نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پر علماء، مشائخ، اسکالرس اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔