اسمبلی اور کونسل میں سماجی فاصلے کے ساتھ ارکان کیلئے نشستیں

   

وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی کا عہدیداروں کے ساتھ معائنہ
حیدرآباد۔ وزیر امور مقننہ وی پرشانت ریڈی نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل اور اسمبلی کے ایوانوں کا معائنہ کرتے ہوئے 7 ستمبر شروع ہونے والے سے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کورونا وائرس کے پیش نظر سماجی فاصلے کے ساتھ ارکان کی نشستوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے لیجسلیچر سکریٹریٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نشستوں میں فاصلہ رکھا جائے تاکہ ارکان کورونا کے خوف کے بغیر کارروائی میں شرکت کرسکیں۔ 7 ستمبر سے دونوں ایوانوں کے مانسون سیشن کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے پرشانت ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ دونوں ایوانوں میں نشستوں کے انتظامات کا شخصی طور پر جائزہ لیں اور نشستوں کے اہتمام میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ دو ارکان کے درمیان فاصلہ برقرار رہے۔ لیجسلیچر سکریٹری نرسمہا چاریولو اور دیگر عہدیداروں نے پرشانت ریڈی کو انتظامات سے واقف کرایا۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی بہت جلد وزیر امور مقننہ کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور صدرنشین کونسل انتظامات کو قطعیت دیں گے تاکہ کسی خطرے کے بغیر اسمبلی کی کارروائی میں ارکان حصہ لے سکیں۔