اسمبلی حلقہ ملک پیٹ میں بی آر ایس پارٹی کی دعوت عید میلاپ

   

محمود علی اوردیگر پارٹی قائدین کی شرکت

حیدرآباد۔ 14اپریل(پریس نوٹ) سابق ریاستی وزیر داخلہ محمد محمودعلی نے اعتراف کیاکہ پچھلے د س سالوں میں پارٹی کے کچھ سینئر قائدین اور کارکنان کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے اور امید ظاہر کی کہ جن حالات سے بی آر ایس پارٹی گذر رہی ہے وہ بہت جلد ختم ہوجائیں گے اور پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور پارٹی کے سینئر قائدین اور کارکنان کو ان کا حق ضرور دیاجائے گا۔ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے کچھ چنندہ بی آر ایس قائدین اور کارکنان کے لئے عید میلاپ تقریب منعقد کی گئی تھی جس کے میزبان بلدی حلقہ چھاونی نادی علی بیگ کے بی آر ایس پارٹی صدر حیات حسین حبیب تھے۔ محمودعلی نے دعوت کے میزبان کی ستائش کی اور عید میلاپ کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ میں دعوت افطار اور عید میلاپ پروگراموں کی شروعات کے سی آر نے کی تھی۔ انہوں نے این ٹی راما راؤکی زیر قیادت تلگودیشم کے دور حکومت کی طرف توجہہ دلاتے ہوئے کہاکہ اس وقت کے سی آر تلگودیشم پارٹی سے رکن اسمبلی تھے اور انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کے فروغ کے لئے اس وقت کی متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں پہلی دعوت افطار کا اہتمام کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ اس دعوت افطار میں روزنامہ سیاست کے بانی وایڈیٹر جناب عابد علی خان صاحب مرحوم نے بھی شرکت کی تھی۔ محمود علی نے کہاکہ اس دعوت افطار کا تذکرہ جب عابد علی خان صاحب مرحوم نے این ٹی راما را ؤ سے کیا اور کہاکہ آپ کے ایک رکن اسمبلی کے سی آر بہت اچھا کام کررہے ہیں تو کے سی آر کو این ٹی راما رائو نے طلب کرکے ساری معلومات حاصل کی اور پھر ریاستی حکومت کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کرنے کاحکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح جنوبی ریاست میں دعوت افطار کاسرکاری سطح پر باضابطہ اہتمام شروع ہوا ہے۔ محمود علی نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد کچھ لوگ جو اقتدار کے لئے بی آر ایس پارٹی میں شامل ہوئے تھے وہ پارٹی چھوڑ کر چلے گئے ‘ ان کا حقیقی چہرہ آشکار ہوگیا ہے۔ مگر جن کی نظریاتی وابستگی بی آر ایس پارٹی سے ہے وہ پارٹی میں آج بھی موجود ہیں او رپارٹی کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے دعوت عید میلاپ میں موجود تمام شرکاء سے ملاقات کی اور ہر ایک کو عید مبارک کا پیغام دیا اور تلنگانہ کے ساتھ کسی بھی نا انصافی پر صدائے احتجاج بلند کرنے کا اعلان کیا۔ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ بی آر ایس انچارج اعظم علی خرم کے علاوہ پارٹی سینئر قائدین او رکارکنان کی کثیرتعداد اور دیگر شرکاء بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔