اسمبلی کا 13 اکتوبر اور کونسل کا 14 اکتوبر کو اجلاس

,

   

بلز کی منظوری کیلئے آج کابینہ کا اجلاس، بلدی قوانین میں ترمیم کا امکان

حیدرآباد: حکومت نے 13 اکتوبر کو قانون ساز اسمبلی اور 14 اکتوبر کو قانون ساز کونسل کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسمبلی کا اجلاس صبح 11.30 بجے اور کونسل کا اجلاس 11.00 بجے دن شروع ہوگا۔ اسمبلی میں 13 اکتوبر کو پیش کئے جانے والے بلز 14 اکتوبر کو کونسل کے اجلاس میں پیش کئے جائیں گے ۔ اسی دوران ہفتہ کو 5.00 بجے شام چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بلز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے منظوری دی جائے گی۔ امکان ہے کہ کابینہ موسم گرما کے دوران ریاست میں ریگولیٹری فارمنگ پالیسی پر عمل آوری اور دھان کی خریدی سے متعلق امور کا جائزہ لے گی۔ حکومت اسمبلی اور کونسل میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن قانون میں ترمیم کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی بل 2020 ء کے تحت موجودہ قانون میں بعض تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نئے ریونیو قانون کو متعارف کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نئے بلدی قانون کے تحت 2 سے زائد بچوں کی صورت میں انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کی شرط ختم کردی جائے گی ۔ نئے قانون کے تحت گریٹر حیدرآباد کے موجودہ تحفظات کو دو میعادوں تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت اسٹانڈنگ کمیٹیوں کو ختم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تاہم چیف منسٹر نے سیاسی قائدین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کو موخر کردیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کے پیش نظر یہ اہم ترمیمات کی جارہی ہے جس کے لئے خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔