آرٹس کالج میں سمینار ، بھٹی وکرمارکا کی شرکت
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے آرٹس کالج عثمانیہ یونیورسٹی میں بیروزگار نوجوانوں کے سمینار میں شرکت کی اور نوجوانوں کے مطالبات کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں نوجوانوں اور طلبہ کے مسائل کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کے درمیان مفاہمت ہے جس کے نتیجہ میں عوامی مسائل پر مباحث کی اجازت نہیں دی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں کانگریس کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے اور دیگر جماعتیں ٹی آر ایس کے ساتھ ملی بھگت کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی تکمیل کیلئے حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا ۔ کے سی آر نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور بیروزگاری بھتہ کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت سرمایہ داروں کے مفادات کی تکمیل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات اور مجالس مقامی میں طلبہ اور نوجوانوں کو ٹی آر ایس حکومت کے خلاف ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے سبق سکھانا چاہئے ۔