ریاستی وزیر کرشنا راؤ نے سرکاری اسکولوں کے طلبہ سے ملاقات کی، نتائج بہتر بنانے اساتذہ کو مشورہ
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) وزیر اکسائز و سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو صحت بخش اور تازہ غذا سربراہ کی جائے اور ناقص غذا کی سربراہی کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جوپلی کرشنا راؤ نے آج اپنے اسمبلی حلقہ کولاپور میں سرکاری اسکولوں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا جائزہ لیا۔ کستوربا گاندھی اسکول میں کرشنا راؤ نے طلبہ سے بات چیت کی اور سربراہ کی جانے والی غذا کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ نظام آباد ضلع میں کل پیش آئے واقعہ کا ریاست میں کہیں بھی اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ نظام آباد ضلع میں ایک سرکاری اسکول میں طلبہ کو صرف چاول سربراہ کیا گیا تھا اور سالن کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں طلبہ مرچ پاؤڈر اور تیل کے ذریعہ کھانے پر مجبور ہوئے۔ کرشنا راؤ نے کہاکہ حکومت سرکاری اسکولوں میں بہتر غذا کی سربراہی کے حق میں ہے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے سرکاری اسکولوں بالخصوص اقامتی اسکولوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مستقبل میں ناقص غذا کی سربراہی کی صورت میں حکام کو واقف کرانے طلبہ کو مشورہ دیا۔ کرشنا راؤ نے کہاکہ عہدیداروں کو چاول اور دیگر ضروری اشیاء کا اسٹاک رکھنا چاہئے تاکہ کسی بھی اسکول میں چاول کے ساتھ سالنوں کی سربراہی میں دشواری نہ ہو۔ اُنھوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سرکاری اسکولوں کے نتائج بہتر ہوں۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ والدین اور سرپرستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو تعلیم کے بارے میں حوصلہ افزائی کریں۔ کرشنا راؤ نے کہاکہ کولاپور اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ منظور کیا گیا ہے۔ اِس موقع پر ضلع کلکٹر بی سنتوش اور محکمہ تعلیم کے عہدیدار موجود تھے۔ 1