شادنگر میں آر ٹی اے حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس ، رکن اسمبلی ویرلا شنکر کا خطاب
شاد نگر ۔23 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نئے تعلیمی سال میں اسکول بسوں کی مکمل جانچ کرتے ہوئے طلبہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے، یہ ہدایت شادنگر ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے متعلقہ حکام کو دی۔ شادنگر میں واقع ایم ایل اے کے سرکاری کیمپ آفس میں آر ٹی اے حکام کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کی بسیں لازمی طور پر لائیسنس یافتہ اور تجربہ کار ڈرائیوروں کے ذریعہ چلائی جائیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ اسکول بسوں کے لیے تجربہ کار ڈرائیور مقرر کیے جائیں اور گاڑیوں کی فٹنس و حفاظتی معیارات کی مسلسل جانچ کی جائے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ طلبہ کی جانوں کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو، اس کے لیے اسکول گاڑیوں پر خصوصی نگرانی رکھی جائے اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔ اسی طرح انہوں نے موٹر وہیکل انسپکٹر سواپنا کو ہدایت دی کہ اوور لوڈنگ کے ساتھ چلنے والے ٹپر، مٹی ڈھونے والی گاڑیوں اور دیگر بھاری گاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے سڑکیں خراب ہو رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے کروڑوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی سڑکیں جلد تباہ ہو جاتی ہیں۔ ایم ایل اے نے حکام کو ہدایت دی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ سڑکوں کا تحفظ اور عوام کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔