اشیاء ضروریہ کی راشن کی دوکانوں کے ذریعہ تقسیم کی جائے

   

فیول اور گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سی پی آئی کا احتجاج

سنگاریڈی ۔11 ۔جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی پی آئی کے زیراہتمام سنگاریڈی کلکٹریٹ آفس کے سامنے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر سی پی آئی کے ضلع اسسٹنٹ سکریٹری ایم اے رحمان نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت جس نے انتخابات سے پہلے ایک اور انتخابات کے بعد دوسری بات کرتی ہے.اس نے اپنے کسی بھی وعدے پر عمل نہیں کیا۔ مرکزی حکومت صرف اڈانی امبانی جیسے کارپوریٹ لوگوں کیلئے کام کر رہی ہے۔ اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کو نقصان پہنچانے والی مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر اشیائے ضروریت کی قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو راحت فراہم کرے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ملکی سطح پر جنگی ماحول کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو اشیائے ضروریت کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے تو غریب کیسے زندہ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھانا پکانے کی گیس کے ساتھ ساتھ کمرشل گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب اور متوسط گھرانوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے تاجر بے روزگار ہو کر سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو سی پی آئی کے زیراہتمام بڑے پیمانے پر تحریک چلائی جائے گی۔ اس پروگرام میں سی پی آئی کے ضلع ایگزیکٹیو ممبران ایم تاج الدین، بی وینکٹراجیم، شفیع احمد، وشنو وردھن ریڈی، کھاجا، سنتوش کمار گپتا، چنتا گنگیا، گڈم کرن کمار، شیواشنکرا، پروین، شنکرپا، وینکٹ، سرسوتی سنگیتا، لکشمی، شنکرایا اور دیگر نے شرکت کی۔