اعمال شب براء ت

   

شیریں فاطمہ
٭ مغرب کی نماز کے بعد غسل کرکے دو رکعت نماز تحیۃ الوضوء پڑھے، اس کے بعد آٹھ رکعت نماز نفل چار سلام سے ادا کرے۔ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ اخلاص پانچ بار پڑھے تو گناہوں سے پاک ہوگا، دعائیں قبول ہوں گی اور پڑھنے والا ثواب عظیم پائے گا۔
٭ دو رکعت نماز نفل اس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی ایک بار اور سورہ اخلاص پندرہ بار پڑھے۔ سلام پھیر نے کے بعد درود شریف ایک سو بار پڑھے تو انشاء اللہ تعالی رزق میں وسعت ہوگی، غم والم سے نجات ملے گی اور گناہوں کی بخشش و مغرفت ہوگی۔
٭ چودہ رکعت نماز نفل سات سلام سے ادا کرے، ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد جو سورہ چاہے پڑھے اور بعد نماز کے سو مرتبہ درود شریف پڑھ کر جو بھی دعاء مانگے ان شاء اللہ تعالیٰ قبول ہوگی۔
٭ صلحائے امت کا دستور ہے کہ اس رات میں صلوۃ التسبیح ادا کرتے ہیں۔ حضورانور صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ نماز اپنے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ کو سکھائی تھی اور فرمایا تھا کہ ’’اے چچا! اس نماز کے پڑھنے سے اگلے پچھلے دانستہ و نادانستہ تمام گناہ بخش دیئے جاتے ہیں‘‘۔ دوسری حدیث شریف میں اس طرح آیا ہے کہ ’’اے میرے چچا! اگر آپ کے گناہ کف دریا و ریگ بیاباں سے بھی زیادہ ہوں گے تو اس نماز کی برکت سے بخش دیئے جائیں گے‘‘۔
٭ اس رات میں تین مرتبہ سورہ یٰسین شریف کی تلاوت کرنا چاہئے، پہلی مرتبہ درازی عمر کی نیت سے، دوسری مرتبہ کشادگی رزق کی نیت سے اور تیسری مرتبہ دفع امراض و بلیات کی نیت سے۔ جب تین مرتبہ سوہ یٰسین شریف پڑھ چکے تو دعائے نصف شعبان پڑھے۔
٭ اس کے علاوہ ۱۵/ شعبان المعظم کو روزہ رکھنے کی بھی احادیث میں تاکید کی گئی ہے۔