افغان حکومت نے طالبان کے مزید 361 قیدیوں کو رہا کیا

   

کابل۔13اپریل( سیاست ڈاٹ کام)افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کے مطابق طالبان قیدیوں کو صدر اشرف غنی کے 11 مارچ کو جاری کردہ فرمان کے مطابق بگرام جیل سے رہا کیا گیا ہے۔افغانستان کی حکومت نے طالبان کے مزید 361 قیدی رہا کر دیے ہیں۔ اس سے قبل حکومت نے 100 قیدیوں کو رہا کیا تھا۔افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کے مطابق طالبان قیدیوں کو صدر اشرف غنی کے 11 مارچ کو جاری کردہ فرمان کے مطابق ان قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق امن کی کوششوں کے تحت ملک کی مختلف جیلوں میں قید طالبان کے مزید 1500 قیدی رہا کئے جائیں گے۔ طالبان قیدیوں کی رہائی کا باقاعدہ آغاز گزشتہ ہفتے اچانک اس وقت شروع ہوا تھا جب طالبان کے قطر آفس کے ترجمان سہیل شاہین نے افغان حکومت سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اعلان کے دوسرے دن افغان حکومت نے 100 قیدیوں کو رہا کیا بعدازاں طالبان نے بھی 20 افغان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا۔امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے افغان حکومت اور طالبان کی طرف سے ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔