اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکامات، اسکالرشپ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیمات شامل
حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے دوسرے سہ ماہی بجٹ کے طور پر 398 کروڑ 50 لاکھ 26 ہزار روپئے کی منظوری دی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے جی او آر ٹی 74 جاری کیا جس میں اقلیتی اداروں اور اسکیمات کے لئے بجٹ کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ مالیاتی سال 2024-25 کے تحت حکومت نے دوسرے سہ ماہی کا بجٹ جاری کیا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ٹریننگ ایمپلائیمنٹ اسکیم کے لئے بجٹ میں 30 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ دوسرے سہ ماہی کے تحت 13 کروڑ 97 لاکھ کی منظوری دی گئی ۔ اسکیم کے تحت مزید 13 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے لئے بجٹ میں مختص کردہ 300 کروڑ میں سے دوسرے سہ ماہی کے تحت 122 کروڑ منظور کئے گئے ۔ پہلے سہ ماہی کے تحت 27 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ مزید 150 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے گرانٹ ان ایڈ کے تحت 50 کروڑ مختص کئے گئے۔ اقلیتی ہاسٹلس کیلئے 41.23 لاکھ مختص کئے گئے ۔ اقلیتی طلبہ کی اسکالرشپ اسکیم کیلئے 42.30 کروڑ مختص کئے گئے ۔ فیس باز ادائیگی اسکیم کے مجموعی بجٹ 300 بجٹ میں سے دوسرے سہ ماہی کے تحت 90 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ پہلے سہ ماہی میں 59 کروڑ جاری کئے گئے تھے۔ اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر سے متعلق اسکیم کے لئے اردو اکیڈیمی کو 3.86 کروڑ مختص کئے گئے ۔ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 35.50 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ اسکیم کا مجموعی بجٹ 130 کروڑ ہے۔ پہلے سہ ماہی میں 29.50 کروڑ جاری کئے گئے تھے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کو امام اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم کے لئے 34.12 کروڑ مختص کئے گئے۔ اسکیم کیلئے مجموعی بجٹ 120 کروڑ ہے جس میں پہلے مرحلہ میں 25.87 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی تھی۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز سی ای ڈی ایم کیلئے تین کروڑ کے مجموعی بجٹ میں 99.9 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ پہلے مرحلہ میں 50 لاکھ جاری کئے گئے تھے ۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی مرمت اور مینٹننس کیلئے ایک کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ مجموعی بجٹ میں 3.30 کروڑ مختص کئے گئے۔ کمشنر اقلیتی بہبود کو مختص کردہ بجٹ کی اجرائی کا اختیار دیا گیا ہے۔ 1