اقلیتی طلبہ کیلئے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ

   

نارائن پیٹ ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع اقلیتی بہبود آفیسر یم اے رشید نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود ، ریاست تلنگانہ ، کے زیر اہتمام چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم اسپرنگ سیزن 2026 کے تحت بیرون ملک میں اعلیٰ تعلیم (پوسٹ گریجویٹ؍ پی ایچ ڈی) حاصل کرنے والے اقلیتی طلبہ (مسلم،کرسچن ،سکھ،جین، بدھ، پارسی ) سے آن لائن درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک امریکہ ، برطانیہ، آسٹریلیا، کناڈا، سنگاپور ، جرمنی ، ساؤتھ کوریا، جاپان ، فرانس اور نیوزی لینڈ کی مسلمہ یونیورسٹیز میں ( یکم جنوری 2026، تا 30 جون 2026 تک ) پوسٹ گریجویٹ یا پی ایچ ڈی میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخلہ لینے والے، اور حکومت کی تمام اہلیت سے متعلق قواعد کی تکمیل کرنے والے اہل امیدوار اپنی درخواستیں ویب سائٹ (www.telanganaepass.cgg.gov.in) پر داخل کرسکتے ہیں۔یم اے رشید نے کہا کہ اہل امیدوار 30-06-2026 شام 5بجے تک اپنی اپنی درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ بعد ازاں درخواست کی ہارڈکاپی اور ضروری دستاویزات ؍اسنادات 31-07-2026 شام 5 بجے تک ضلعی افسر برائے محکمہ اقلیتی بہبود، نارائن پیٹ پر داخل کریں۔انہوں نے کہا کہ منتخب طلبہ کو اس اسکیم کے تحت 20 لاکھ کی اسکالر شپ اور ایک طرف کا فضائی کرایہ 60 ہزار روپئے (یا اصل کرایہ جو بھی کم ہو) دیئے جائیں گے۔ آگے کہا کہ دستاویزات کی جانچ میں جعلی اسنادات کی صورت میں امیدواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسکیم کی تمام تفصیلات ،عمر، تعلیمی قابلیت ، سالانہ آمدنی کے علاوہ دیگر اہم تفصیلات کیلئے ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔ ضلعی عہدیدار ایم اے رشید نے نارائن پیٹ کے اقلیتی اہل طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے استفادہ حاصل کریں اور اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ مزید تفصیلات کیلئے ضلعی افسر برائے محکمہ اقلیتی بہبود ، بلڈنگ (کلکٹریٹ کامپلکس) پر ربط کریں۔