اقوام متحدہ : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین سے فوری طور پر اپنی افواج واپس بلا لے۔ اے ایف پی کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں دو دن تک زبردست بحث ہوئی جس میں یوکرین کے سفیر نے روس پر نسل کشی کا الزام عائد کیا۔جنرل اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کے حق میں 193 میں سے 141 اراکین نے ووٹ دیا جبکہ چین اور پاکستان سمیت 35 اراکین نے ووٹ دینے سے گریز کیا۔مذکورہ قرارداد کے خلاف روس کے ساتھ ساتھ شام، شمالی کوریا، اریٹیریا اور بیلاروس نے ووٹ دیا۔قرارداد میں یوکرین پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جوہری افواج کو الرٹ رکھنے کے فیصلے کی بھی مذمت کی گئی۔ووٹنگ سے قبل یوکرین کے سفیر سرگئی کیسلیٹس نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ روس یوکرین کو اس کے وجود کے حق سے محروم کرنے آیا ہے، یہ پہلے ہی واضح ہو چکا ہے کہ روس کا مقصد صرف قبضہ نہیں بلکہ یہ نسل کشی ہے۔