اللہ کے ذکر سے دلوں کے ویرانوں کو آباد کریں

   

جامع مسجد مشیرآباد میں جلسہ محمدﷺ ‘ سب کے لیے
حافظ و قاری شاہ محمد عبد المقتدر قریشی چشتی صابری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) ۔ جب واسطے اوررابطے اللہ سے جڑ جائیں تو پھر دل ٹوٹا نہیں کرتے،عام طور پر کچھ یادین ایسی ہوتی ہیں جو نڈھال کردیتی ہیں لیکن ایک یاد ایسی ہے جو بندے کو نہال کرتی ہے اور وہ یاد اللہ کی یاد ہے اور اللہ نے اپنی یاد اپنے ذکر میں سکون و اطمینان قلب چھپائے رکھاہے ،اپنے دلوں کو اللہ کے ذکر سے آباد کرکے دلوں کے ویرانوں کو منور کرنے اور ایک معبود برحق پر ایمان ویقین کامل کے ساتھ بارگاہ خداوندی میں عاجزی وانکساری و فرما برداری کا مظاہرہ کریں۔ خادم قوم حضرت حافظ و قاری شاہ محمد عبد المقتدر قریشی چشتی صابری نے جامع مسجد مشیرآباد میں جلسہ محمدؐ سب کیلئے ،اصلاح معاشرہ اور مجلس ذکر وسلوک سے خطاب میں کہا کہ مسلکی و فروعی اختلافات سے بالا تر ہوکرکلمہ کی بنیاد پر امت واحدہ کا عملی نمونہ پیش کریں ۔ جب اللہ ایک ہے ،رسول ایک ہیں ،قرآن ایک ہے ،کعبہ وقبلہ ایک ہے تو کیوں ہم خانوں میں بنٹے ہوئے ہیں ،اللہ کے رسولؐ نے جس دین کو پیش کیا تھا اسی دین حق پر ہم کو چلنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نبیؐ کی طاعت واتباع پر زور دیا اور کہا کہ اطاعت رسولؐ کے ذریعہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھاماجاسکتا ہے۔ نبیوں کا دور ختم ہوچکا ،ولیوں کا دور جاری ہے جو لوگ نبیوں کی شان میں گستاخی کرتے تھے آج ان کی اولاد اولیاء کی شان میں گستاخی کر رہی ہے۔اور جنہوں نے انبیاء کی عزت کی ن کی اولاد اولیاء کا اداب واحترام کر رہی ہے ۔