الیکشن شیڈول کے بہانے کانگریس انتخابی وعدوں پر عمل نہیں کریگی: بنڈی سنجے

   

تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 10 ہزار کروڑ کا قرض، وعدوں پر عمل کے لیے دو ہفتوں کی مہلت
حیدرآباد۔/21فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ لوک سبھا چناؤ کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے بہانے کانگریس حکومت 6 ضمانتوں پر عمل آوری نہیں کرے گی۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کیلئے محض دو ہفتے باقی ہیں اور شیڈول کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجاتا ہے۔ ریونت ریڈی حکومت جس نے 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا اسے الیکشن شیڈول کا انتظار ہے تاکہ وعدوں پر عمل آوری سے بچ سکے۔ انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ اگر وہ ضمانتوں پر عمل آوری میں سنجیدہ ہو تو اندرون 15 یوم ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے احکامات جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بجٹ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی طرح دو ہفتے گذارے گی اور پھر انتخابی ضابطہ اخلاق کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بی آر ایس کا عوام نے حشر کیا تھا کچھ یہی حال کانگریس کا بھی ہوگا۔ پارٹی کی وجئے سنکلپ یاترا میں حصہ لیتے ہوئے بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو 10 سے زیادہ لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 10 ہزار کروڑ قرض حاصل کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی دو ماہ کی تنخواہ ادا کی ہے۔ 1
ان حالات میں انتخابی وعدوں پر عمل آوری ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی لوک سبھاکی تمام 17 نشستوں پر کامیابی کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔1