الیکٹروہومیو پیتھی 21 ویں صدی کی ضرورت

   

آل انڈیا کانفرنس اور مشعل بردار ریالی کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : آل انڈیا الیکٹرو ہومیوپیتھی کانفرنس کا نئے عزائم کے ساتھ آج 20 جنوری کو میڈیا پلس آڈیٹوریم حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مشعل بردار ریالی کا اہتمام کیا گیا ۔ بانی ڈائرکٹر جوہر میڈیکل کالج ڈاکٹر ایم ایس حسین کی قیادت میں ریاست اور ہندوستان بھر سے ای ایچ ڈاکٹرس ماہرین قانون نے شمع روشن کر کے یہ اعلان کیا کہ اب مایوسی کے اندھیرے ختم ہوچکے ہیں ۔ الیکٹرو ہومیو پیتھی کے روشن مستقبل کا آغاز ہوچکا ہے ۔ کیوں کہ کسی بھی لمحہ الیکٹرو ہومیو پیتھی سے متعلق قانون سازی کا اعلان متوقع ہے ۔ کانفرنس میں شریک مندوبین نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے اس بے ضرر مضر اثرات سے پاک و صاف پیتھی کے فروغ اور لاکھوں EH پریکٹشنرس کے مستقبل کو تحفظ کے لیے مثبت ، تعمیری اور ہمدردانہ رویہ اختیار کیا ہے اور سب نے اپنا اپنا خیال الیکٹرو ہومیوپیتھی کے مستقبل پر ظاہر کیا ۔ جس میں ڈاکٹر ایم ایس حسین ڈائرکٹر جوہر میڈیکل کالج ہومیو پیتھی نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ گورنمنٹ آف انڈیا نے الیکٹروہومیو پیتھی پہ جی او اور جی آر پاس کردیا ہے اور تمام ریاست کو الیکٹرو ہومیو پیتھی پہ قانون سازی کرنے کی ہدایت بھی دے دی ہے ۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پورے ہندوستان سے ای ایچ ڈاکٹرس اتفاق و اتحاد کے ساتھ ایک جٹ ہو کر یکجہتی شمع روشن کریں ۔ الیکٹرو ہومیوپیتھی پر پونے دو سو سال سے کام ہورہا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر گورنمنٹ آف انڈیا الیکٹرو ہومیو پیتھی کو قانون سازی کرنے میں کچھ آنا کانا کرتی ہے تو پورے بھارت سے بی ای ایم ایس ڈاکٹرس مرکزی حکومت منسٹری آف ہیلتھ کا گھیراؤ کرسکتے ہیں ۔ اور یہ بات بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ جب تک قانون سازی نہیں ہوتی ہے تب تک اس کی EH کی پریکٹس ، ٹریننگ اور ایجوکیشن کو پورے بھارت میں کہیں روکا نہیں جاسکتا ۔ اس پروگرام میں ریاستی ڈاکٹرس کے علاوہ ڈاکٹر پرویندر پانڈے ممبئی ، ڈاکٹر عدنان بلند شہر ، ڈاکٹر نیر عالم دہلی ، ڈاکٹر سلیم عابدی ، ڈاکٹر اسعد معروفی اعظم گڑھ ، ڈاکٹر احتشام کرناٹک ، ڈاکٹر بشیر انعامدار گلبرگہ اور تمام ریاستوں کے ماہرین ڈاکٹرس نے شرکت کی ۔۔