امریکہ میں حملہ کی منصوبہ بندی کرنےوالا افغان شہری گرفتار

   

کابل : افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو امریکہ میں انتخابات والے دن ’دہشت گردانہ حملے‘ کی منصوبہ بندی پر ریاست اوکلاہوما سے گرفتار کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے 27 سالہ ناصر احمد توحیدی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغان شخص اسلامی ریاست (داعش) کے نام پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ناصر احمد توحیدی سال 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزا پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے اور اوکلاہوما شہر میں رہائش پذیر تھے۔اسپیشل امیگرینٹ ویزا پروگرام پرایک سال کے عرصے میں 50 افراد داخل ہو سکتے ہیں جو افغانستان یا عراق میں امریکی افواج یا چیف آف مشن کے تحت بطور مترجم کام کرتے رہے ہیں۔محکمہ انصاف کی جانب سے عائد الزامات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا ناصر توحیدی افغانستان میں بطور ٹرانسلیٹر کام کر رہے تھے۔افغان شخص پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے کیمروں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے آن لائن انفارمیشن تلاش کی اور اْن ریاستوں کے حوالے سے جہاں اسلحے کے لیے لائسنس کی ضرورت نہیں ہے۔ جبکہ متعلقہ شخص نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے ویب کیمروں کو بھی آن لائن چیک کیا۔ناصر توحیدی کے ساتھ اس سازش میں ان کے کم عمر بہنوئی بھی ملوث ہیں جنہیں پیر کو امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک خفیہ ایجنٹ سے دو 47 رائفل خریدنے کی غرض سے ملاقات کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔