امریکہ میں مسلم کمیونٹی کو ہراساں کرنے والا رہا

   

نیویارک :امریکہ کی ریاست نیویارک میں مسلم کمیونٹی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا جہاں اشتعال انگیزی کیلئے مسجد میں داخل ہونے والے شخص کو گرفتار نہ کیے جانے پر مسلم کمیونٹی تشویش کا شکار ہے ۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے علاقے میل ویلے کے اسلامی مرکز میں ایک شخص داخل ہوا، حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا، مسجد میں موجود افراد نے بار بار کہا کہ باہر جاؤ مگر مشتعل شخص نے ایک نہ سنی۔رپورٹس کے مطابق پولیس آئی، اشتعال انگیزی کرنیوالے شخص سے بات چیت کی مگر اسے گھر جانے دیا۔ سفک کاؤنٹی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مذہبی منافرت کا واقعہ نہیں جبکہ مسلمانوں کا کہنا ہے کہ یہی واقعہ کسی اور عبادت گاہ میں ہوتا تو اہلکاروں کا ردعمل مختلف ہوتا۔گورنر کیتھی ہوکل نے مسلمانوں کو ہراساں کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کوئی مسلم یا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو ہراساں کرے اسے انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے ۔