امریکہ کی کسی ڈیڈ لائن پر توجہ نہیں دیتے :ایران

   

تہران، 9 مئی (یو این آئی) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا اپنے اہم بیان میں کہنا ہے کہ ایران امریکی تجاویز پرغور کر رہا ہے جب کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے تو اس کا اعلان کیا جائے گا ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسماعیل بقائی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ دشمن کی جمعرات کی رات کی کارروائی بین الاقوامی قوانین اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی تھی، ایرانی افواج اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ مکمل ہیں اور صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایران امریکی تجاویزپرغور کر رہا ہے جب کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے تو اس کا اعلان کریں گے ، ہم اپنا کام کر رہے ہیں اور کسی ڈیڈ لائن پر کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ دوسری جانب روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کی اماراتی ہم منصب سے فون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں روس کی جانب سے امریکہ ایران مذاکرات کی حمایت پر زور دیا گیا۔ وزیرخارجہ روس لاوروف کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے سے روکنے مذاکرات کی حمایت کی ضرورت ہے ۔ رپورٹس کے مطابق روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتے کہ کشیدگی کے دوبارہ آغاز سے خطے کا استحکام خطرے میں ڈالا جائے ۔
ترکیہ عالمی دفاعی طاقت بن رہا ہے : صدر ایردوان
انقرہ، 9 مئی (یو این آئی) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکیہ دفاعی، ہوا بازی اور خلائی صنعتوں میں دنیا کی ابھرتی طاقتوں میں سے ایک بن گیا ہے ۔ استنبول میں ساحا ایکسپو2026 میلے سے خطاب میں ایردوان نے کہا کہ ترکیہ ان شعبوں میں بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ والے ممالک میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘ترکیہ کی دفاعی صنعت اب ایک ایسا ماحولی نظام بن چکی ہے جس کی نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا میں مانگ ہے ، اس پر اعتماد کیا جاتا ہے اور ترجیح دی جاتی ہے ۔ ایردوان نے اعلان کیا کہ میلے کے دوران دستخط کیے گئے 182 معاہدوں کی بدولت مجموعی کاروباری حجم 8 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے ، جن میں 6 بلین ڈالر براہِ راست برآمداتی معاہدوںکا حصہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ترکیہ کی دفاعی برآمدات 2026 کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 28 فیصد بڑھ کر 2.87 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ ایردوان نے کہا، ‘جنہوں نے کہا تھا کہ تم اسے نہیں کر سکتے ، ہم نے ان کو ایسی مصنوعات سے جواب دیا جو ہم نے تیار کیں، مکمل کیں اور میدانِ جنگ میں کامیابی کے ساتھ آزمائیں – جیسا کہ آج ہم ساحا 2026 میں کر رہے ہیں۔’ ایک مستقبل جس میں امن غالب ہو۔

ٹرمپ کی ایران پر بڑے حملے کی دھمکی مضحکہ خیز: ایران
تہران، 9 مئی (یو این آئی) ایران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بڑے حملے کی دھمکی کو “مضحکہ خیز” قرار دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسماعیل بقائی نے لکھا کہ یہ عجیب بات ہے کہ ٹرمپ ایک طرف دنیا میں امن کی تلاش اور جوہری بحران کو روکنے کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن اس کا حل ایک بڑے دھماکے “یا حملے کی صورت میں تجویز کر رہے ہیں۔ ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ امن کے دعوے اور حملے کی دھمکیاں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں اور یہ امریکی پالیسی کے تضاد کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے اپنے موقف کو واضح کرنے ایک امریکی فلم کا کلپ بھی شیئر کیا، جس کی کہانی سوویت یونین پر ایک حادثاتی حملے کے گرد گھومتی ہے ۔ کلپ میں دکھایا گیا کہ امریکہ حادثاتی حملے کو روکنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے ۔ اس کلپ کو شیئر کرنے کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ جنگ کی دھمکیاں یا ایڈونچر ایسے نتائج پیدا کرسکتے ہیں جو پھر کسی کے کنٹرول میں نہیں رہتے ۔