امریکہ کے نئے مندوب برائے افغانستان کاجاریہ ہفتہ دورہ پاکستان

   

واشنگٹن: امریکہ کے نئے مندوب برائے افغانستان تھامس ویسٹ، طالبان اور افغانستان میں مستقبل کی کسی حکومت کے بارے میں امریکی توقعات واضح کرنے کے لیے رواں ہفتہ اسلام آباد پہنچیں گے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے امریکی مندوب کی حیثیت سے یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔تھامس ویسٹ زلمے خلیل زاد کی جگہ تعینات ہوئے تھے جنہوں نے ہنگامہ خیز 3 سالہ دور کے بعد یہ عہدہ چھوڑا تھا، اس دوران انہوں نے طالبان سے مذاکرات بھی کیے تھے۔اس معاہدے کے نتیجے میں افغانستان سے امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا ہوا اور بائیڈن انتظامیہ کو جنگ زدہ ملک سے افراتفری سے نکلنے میں مدد ملی، ساتھ ہی اس نے کابل پر طالبان کے قبضے کی بھی راہ ہموار کی۔جب براک اوباما امریکی صدر تھے اس وقت تھامس ویسٹ نے قومی سلامتی کونسل کے عملے میں زلمے خلیل زاد کے نائب کے فرائض سرانجام دیے تھے۔