امیت شاہ مشکل میں ؟‘ مجلس میدان میں ۔ گاندھی نگر سے مقابلہ

   

بھڑوچ حلقہ سے بھی امیدوار میدان میں اتارنے کا امکان ۔ گجرات صدر صابر کابلی والا کا بیان
حیدرآباد26مارچ(سیاست نیوز) نریندر مودی حکومت کے چانکیہ اور بی جے پی کے منصوبہ ساز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مشکل میں ہیں!مجلس اتحاد المسلمین وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف گاندھی نگر سے امیدوار میدان میں اتاررہی ہے! گجرات گاندھی نگر سے جہاں سے سابق میں لعل کرشن اڈوانی منتخب ہوتے رہے ہیں اور گذشتہ دو انتخابات سے امیت شاہ منتخب ہورہے ہیں ان کے خلاف مجلس اتحادالمسلمین نے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ پارٹی قیادت نے فیصلہ کرلیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ گجرات کی 26 سبھا نشستوں میں 2 پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے جن میں پارلیمانی حلقہ گاندھی نگر کے علاوہ حلقہ بھروچ شامل ہیں جو انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کے دوران عام آدمی پارٹی کے حوالہ کی جاچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجلس نے جو منصوبہ تیار کیا اس کے مطابق ابتدائی 4 مرحلوں میں تین پارلیمانی نشستوں پر مقابلہ کا اعلان کیا گیا تھا جن میں حیدرآباد‘ اورنگ آباد اور کشن گنج شامل ہیں لیکن یہ بھی کہا جاتا رہا ہے کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی مزید حلقہ جات پر مجلس کے مقابلہ کے امکانات ہیں اور اب گجرات کے صدر مجلس مسٹر صابر کابلی والا نے بتایاکہ پارٹی قائدین نے گجرات سے دو پارلیمانی نشستوں پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات میں 2027 اسمبلی انتخابات تک پارٹی کیڈر کو مستحکم و متحرک رکھنے پارٹی نے انتخابی نتائج کے قطع نظر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس پر یہ الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں کہ ملک میں جہاں کہیں بی جے پی کو مدد کی ضرورت رہی ہے مجلس نے اکثریتی طبقہ کے ووٹوں کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اب جبکہ مجلس کی جانب سے گاندھی نگر حلقہ سے مقابلہ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں تو کہا جا رہاہے کہ کہیں مرکزی وزیر داخلہ گاندھی نگر سے شکست سے دوچار ہونے والے تو نہیں ہیں کہ اس حلقہ سے مجلس اپنا امیدوار اتارنے کی تیاری کر رہی ہے اور اس کے علاوہ دیگر ریاستو ںمیںبھی امیدواروں کے انتخاب کی تیاریاں جاری ہیں۔ گجرات کی 26لوک سبھا حلقہ جات کے لئے تیسرے مرحلہ میں رائے دہی ہوگی جہاں 7 مئی کو رائے دہی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔3