امیرپیٹ میں سڑک حادثہ، ریٹائرڈ کانسٹبل کی موت

   


حیدرآباد : /30 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ امیرپیٹ میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تیز رفتار آر ٹی سی بس نے ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹبل کو روند دیا ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح 62 سالہ پانڈو رنگا راؤ جو آندھراپردیش پولیس کا انٹلیجنس کا ہیڈکانسٹبل تھا اور آنند نیلائم اپارٹمنٹ امیرپیٹ کا ساکن تھا ۔ وہ آج صبح 9.40 پر کنکادرگا مندر سے پیدل جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اسے ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں پانڈو رنگاراؤ شدید زخمی ہوگیا اور جائے حادثہ پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی ۔ متوفی کی بیٹی میوری نے پولیس ایس آر نگر میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے آر ٹی سی بس ڈرائیور رگھورام کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور بعد ازاں نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ۔