انتخابات میں کامیابی کے لیے متحدہ کام کرنے کی ضرورت

   

شمس آباد میں کانگریس قائدین کے اجلاس سے وینو گوڑ کا خطاب
شمس آباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں کانگریس قائدین کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لیے لائحہ عمل پر بات کی گئی ۔ وینو گوڑ پردیش کانگریس کمیٹی رکن نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ مقامی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لیے تمام کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ بوتھ سطح پر کام کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو ایک فوج کی طرح کام کرنا اور عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے کانگریس کے منشور کو عوام تک پہنچایا جائے اور ساتھ ہی ٹی آر ایس کے جھوٹے وعدے اور اعلانات جو عوام کو گمراہ کرنے کے لیے انتخابات میں استعمال کئے جاتے ہیں تمام سے عوام کو واقف کروایا جائے ۔ راچا ملا سدیشور شمس آباد سرپنچ نے کہا کہ مقامی انتخابات میں کانگریس بہترین مظاہرہ کرے گی ۔ عوام ٹی آر ایس کے جھوٹے بیانات سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ ہم سب کو مل کر پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کرنا چاہئے ۔ شمس آباد میں پارٹی کافی مضبوط ہے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے بوتھ سطح پر کام کیا جائے ۔ اس موقع پر رندھیر ریڈی ، شیکھر یادو کانگریس منڈل صدر ، نریندر سابق ایم پی ٹی سی ممبر ، انجیا سابق سرپنچ ، سنجے یادو ، محمد نظیر الدین ، پربھاکر ، ناگیش کے علاوہ سینکڑوں کارکن موجود تھے ۔۔