انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ، محکمہ جات کو چیف سکریٹری شانتی کماری کی ہدایت

   

دولت اور شراب کی منتقلی پر نظر، سرحدوں پر چیک پوسٹ کا قیام ، لاکھوں روپئے کی ضبطی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں بہتر تال میل سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں۔چیف سکریٹری نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ محکمہ جات ، پولیس ، اکسائز ، کمرشیل ٹیکس ، جنگلات ، ریونیو ، ٹرانسپورٹ و دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا انتخابات میں مستعدی سے فرائض انجام دیں تاکہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مہاراشٹرا ، کرناٹک ، آندھراپردیش اور چھتیس گڑھ کے سرحدی علاقوں میں خصوصی چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں تاکہ دولت ، شراب اور منشیات کی منتقلی کو روکا جاسکے۔ اس سلسلہ میں پڑوسی ریاستوں کے عہدیداروں سے تعاون کیا جارہا ہے ۔ چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ تمام اہم محکمہ جات نے خصوصی کنٹرول رومس قائم کئے ہیں تاکہ ضابطہ اخلاق پر موثر عمل آوری ہو۔ مختلف محکمہ جات نے چیک پوسٹ قائم کئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے 444 چیک پوسٹ قائم کئے گئے جبکہ بین ریاستی چیک پوسٹ کی تعداد 9 ہے۔ تلاشی مہم کے دوران ابھی تک 10 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ۔ اس کے علاوہ غیر لائسنس یافتہ ہتھیاروں اور دھماکو اشیاء کو ضبط کیا گیا ۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 15 چیک پوسٹ اور 52 انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے 34.31 لاکھ روپئے ضبط کئے ہیں۔ کمرشیل ٹیکسس کی جانب سے 16 بین ریاستی چیک پوسٹ قائم کئے گئے ۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ اکسائز ڈپارٹمنٹ نے 21 بین ریاتی چیک پوسٹ 8 اضلاع میں قائم کئے ہیں تاکہ شراب کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے۔ 50 لاکھ مالیت کی شراب ضبط کی گئی ہے۔ ریاست کی تمام شراب کی دکانوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔ محکمہ جنگلات نے 65 چیک پوسٹ اور 18 بین ریاستی چیک پوسٹ قائم کئے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا ، اسپیشل چیف سکریٹری اکسائز سنیل شرما ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ دوبریال ، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ایس کے جین ، ٹرانسپورٹ سکریٹری سرینواس راجو ، کمشنر کمرشیل ٹیکسیس ٹی کے سری دیوی ، کمشنر اکسائز سریدھر اور کمشنر اطلاعات ہنمنت راؤ نے شرکت کی ۔ 1