انسداد سڑک حادثات کے لیے اسٹیٹ روڈ سیفٹی قائم کرنے کا مطالبہ محکمہ ٹرانسپورٹ سے حکومت کو تجویز

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست بھر میں سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی اہم وجہ قانون کی خلاف ورزی ، اکثر بائیک سوار ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے اور کار چلاتے وقت سیٹ بیلٹ کا بھی استعمال نہیں کیا جاتا ۔ سڑک حادثے میں مرنے والے افراد کے علاوہ سڑک پر پیدل چلنے والوں کی تعداد بھی شامل ہیں ۔ سڑک حادثے میں مرنے والے ہر پانچ افراد میں سے ایک شخص سڑک پر پیدل چلنے والا ہوتا ہے ۔ 2025 میں ریکارڈ کیا گیا کہ تمام سڑک حادثات میں 21 فیصد ہلاکتیں پیدا چلنے والوں کی تھیں ۔ اس پس منظر میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک مسودہ منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جس کا مقصد پیدل چلنے والوں ، سائیکل سواروں رکشہ چلانے والے اور دیگر کو جامع قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ یہ مسودہ ریاستی حکومت کو پیش کیا گیا ہے جس میں پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک ’ اسٹیٹ روڈ سیفٹی ٹریبونل ‘ قائم کرنے اور ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی صدارت میں چلانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ فٹ پاتھوں پر ناجائز قبضوں کو برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسفارمرس ، ڈسٹری بیوشن باکس اور دیگر تجارتی دکانات کو اجازت نہ دینے کی مانگ کی گئی ۔ فٹ پاتھوں پر قبضوں کو برخاست کرنے اور انہیں 5 تا 50 ہزار روپئے جرمانے کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ۔ پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو بنیادی حق تسلیم کرتے ہوئے ان کی متعلقہ ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اپنی تجویز میں بتایا کہ پیدل چلنے والے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نہ چلے ۔ کراسنگ پوانٹس پر سے ہی سڑک عبور کریں ۔ خلاف ورزی کرنے پر انہیں ابتدائی طور پر وارننگ اور یہ عمل دہرانے پر 200 روپئے جرمانہ عائد کرنے کو کہا گیا ہے ۔ ایکس پریس وے پر رکشہ اور پش کارٹس چلانے پر پابندی ہے ۔ خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جائے ۔ اسکولس ، بس اسٹیشن ، ریلوے اسٹیشن اور دواخانوں کے قریب ہجوم کافی ہوتا ہے ۔ اس کے اطراف 500 میٹر تک حفاظتی زون بنایا جائے ۔ قومی شاہراہوں پر شہری علاقوں کے اندر ہر 500 میٹر کے بعد ایک فٹ اوور بریج یا انڈر پاس فراہم کیا جانا چاہئے اور دیہی علاقوں میں ہر دو کلو میٹر پر فٹ اوور بریج کو لازمی کردیں اور ساتھ ہی زیبراکراسنگ بھی قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی اور نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں میں فٹ پاتھ اور سائیکل ٹریک کی تعمیر کو لازمی قرار دیا جائے ۔ جس کے بعد ہی سڑک حادثات میں کمی ہوگی ۔۔ ش m/b