انفاق اور جذبہ ایثارحافظ محمد صابرپاشاہ قادری کاخطاب

   

حیدرآباد19جنوری ( راست ) ۔ حافظ محمدصابرپاشاہ قادری نے بتلایاکہ اسلام، دینِ فطرت اور دینِ رحمت ہے۔ اس کا ہر حکم فطرتِ انسانی کے عین مطابق اور اس کا عطا فرمودہ ہر عمل باعثِ رحمت ہے۔ اس لیے کہ اس کے قوانین و احکام حقیقت پسندانہ، انسانی طبیعت و مزاج کے عین مطابق اور عقل و خرد کے ساتھ طلائی وزن ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس دینِ حق نے دنیائے انسانی کو عبادت و معاملات میں جو بھی احکام دیئے ہیں، وہ بے مقصد یا محض وقت گزاری کے لیے نہیں بلکہ اگر کوئی صاحبِ عقل و دانش اُن میں غوروفکر کرتا ہے تو وہ بآسانی اس نتیجہ پر پہنچ جاتا ہے کہ دینِ اسلام کے ہر حکم کے پیچھے ایک حکمت و بصیرت، ایک نظامِ عمل اور ایک فلسفہ حیات موجود ہے۔ خلقِ خدا کی خدمت اور عمل اللہ تعالیٰ کو اتنا پسند ہے کہ وہ قرآن مجید میں بندوں کو بار بار مختلف اسالیب اور پیرائے میں انفاق کا حکم دیتا ہے اور اس پر اپنی رضا کی خوشخبری دیتا ہے۔: ’’رضائے الہٰی کے نصب العین کی خاطر انفاق ہر ایک پر لازم ہے خواہ غریب ہو یا امیر، صاحبِ نصاب ہو یا غیر صاحبِ نصاب، تھوڑا دے سکے یا زیادہ جو کچھ بھی اسے میسر ہو، اسی میں حسبِ استطاعت انفاق کرنا ’’احسان‘‘ ہے۔ اس پر یہ شرط نہیں کہ کتنا مال ہو تو اس میں سے دے؟ یہ بات دینے والے کے اپنے ظرف، غنائے نفس اور اس کے ذاتی حالات پر منحصر ہے۔‘‘
جلسہ فیضان غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی کے زیر اہتمام جلسہ فیضان غوث اعظم ؒ 20 جنوری ہفتہ بعد نماز مغرب واقع اردو گھر مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ نگرانی واصف احمد علوی صدر سوسائٹی کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا حافظ محمد عبدالنور قادری ملتانی خطاب کریں گے ۔۔