انقلابی اسکیمات کے سبب ریاست ترقی کی سمت گامزن

   

ظہیر آباد میں آسرا وظائف تقسیم تقریب سے رکن اسمبلی کے مانک راؤ اور دیگرکا خطاب

ظہیر آباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : رکن اسمبلی ظہیر آباد کے مانک راؤ نے آج یہاں فرینڈس گارڈن فنکشن ہال میں آسرا وظائف میں اضافی شدہ رقومات سے متعلق سرکاری احکام کی استفادہ کنندگان میں تقسیم کے ضمن میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی اولین برسر اقتدار جماعت ٹی آر ایس نے اپنے انقلابی اقدامات کے ذریعہ ریاست کو ترقی کی سمت لے جارہی ہے ۔ گزشتہ سال ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد دوبارہ برسر اقتدار آنے والی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کیے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ کی اولین حکومت کے دوران نظم و نسق میں اصلاحات کی گئیں ، 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا ، کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ زرعی سرمایہ کاری کے طور پر 8000 روپئے فی ایکڑ دئیے گئے نیز ایک لاکھ روپیوں تک کے زرعی قرضوں کو معاف کیا گیا ، ہزاروں تالابوں کی تجدید صفائی کے لیے مشن کاکتیہ اور نلوں کے ذریعہ گھر گھر صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے کے لیے مشن بھاگیرتا کا آغاز کیا گیا ۔ غرض کہ عوامی مفادات سے متعلق کئی ایک اقدامات کئے گئے جن کی مثال ملک کی دیگر ریاستوں میں نہیں ملتی ۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت 2018 کے انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو بہر صورت پورا کرے گی ۔ ایم ایل سی محمد فرید الدین نے خطاب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ ریاست کی ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت زبانی جمع خرچ کی باتیں نہیں کرتی بلکہ وہ جو کچھ کہتی ہے ، وہ کر کے دکھاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ملک کی وہ واحد حکومت ہے جس نے حقیقی معنوں میں سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2018 کے انتخابی منشور میں آسرا پنشن کے تحت دئیے جانے والے وظائف 1000 روپئے سے بڑھا کر 2016 روپئے اور معذورین کو دئیے جانے والے وظائف 2016 روپئے سے بڑھا کر 3016 روپئے کردینے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ ریاستی حکومت نے اپنے اس وعدہ کی تکمیل کے لیے نہ صرف ساری ریاست میں بلکہ حلقہ اسمبلی ظہیر آباد کے تمام منڈلوں اور میونسپلٹی کے 31709 استفادہ کنندگان کے وظائف کی رقومات میں اضافہ کردیا ہے جب کہ اس اضافہ کا اطلاق گزشتہ ماہ جون سے ہوگا ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حلقہ اسمبلی ظہیر آباد میں آسرا پنشن کے تحت 31709 ، استفادہ کنندگان میں ہر ماہ 6,72,20,344 روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ پروگرام کی کارروائی ایم پی ڈی او کے راملو نے چلائی جب کہ پروگرام میں حلقہ اسمبلی ظہیر آباد میں شامل پانچ منڈلوں ظہیر آباد ، کوہیر ، جھرہ سنگم ، نیا لکل ، مگڑم پلی اور میونسپلٹی ظہیر آباد کے تمام استفادہ کنندگان کے بشمول منڈل پرجا پریشد کے صدور ، اراکین ضلع پرجا پریشد ، اراکین منڈل پرجا پریشد ، سرپنچس ، سابق اراکین بلدیہ ، سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ٹی آر ایس کے مقامی قائدین نے بھی اپنی شرکت درج کرائی ۔۔