31 مئی تک درخواست فارمس کے ادخال کی سہولت، یکم جون سے کلاسس
حیدرآباد ۔11۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2026-27 کیلئے انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق داخلوں کا 12 مئی سے آغاز ہوگا اور کالج کی سطح پر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 31 مئی مقرر کی گئی ہے۔ کلاسس کا آغاز یکم جون سے ہوگا اور پہلے مرحلہ کے داخلے 30 جون تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ فرسٹ ایئر انٹرمیڈیٹ کی کلاسس کا یکم جون سے آغاز کرنے کے سلسلہ میں کالجس کے پرنسپلس کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔ انٹرنیٹ مارکس میمو کی بنیاد پر عبوری داخلے دیئے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق اوریجنل ایس ایس سی پاس سرٹیفکٹ اور ٹی سی کی پیشکش کے بعد ہی داخلوں کی توثیق کی جائے گی۔ کالجس کے پرنسپلس کو داخلہ کے سلسلہ میں رول آف ریزرویشن پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایس سی طبقہ کیلئے 15 فیصد ، ایس ٹی طبہ کے لئے 10 فیصد اور بی سی طبقہ کو 29 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ بی سی ای زمرہ کے تحت اقلیتی امیدواروں کو 4 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ معذورین کیلئے 5 فیصد ، اسپورٹس کوٹہ 5 فیصد ، ایکس سرویس مین اور ڈیفنس ملازمین 3 فیصد اور معاشی طور پر کمزور طبقات (EWS) کے لئے 10 فیصد تحفظات رہیں گے۔ لڑکیوں کیلئے 33.33 فیصد تحفظات کی گنجائش رہے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے داخلوں کے سلسلہ میں تفصیلی گائیڈ لائینس جاری کی ہیں۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے اپیل کی گئی کہ وہ صرف مسلمہ جونیئر کالجس میں داخلہ حاصل کریں جن کی فہرست بورڈ کے ویب سائیٹ www.tgbienew.cgg.gov.in پر دستیاب ہے۔1/k