انٹر میں ناکامی اور خرابی صحت پر دو افراد کی خودسوزی

   

حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ میں ناکام ایک طالبہ اور خرابی صحت سے تنگ آ کر ایک خاتون نے خودسوزی کرلی۔ یہ دو علحدہ واقعات میڑچل اور راجندر نگر پولیس حدود میں پیش آئے۔ میڑچل پولیس کے مطابق 18 سالہ پلوی جو کندی بستی میڑچل علاقہ کے ساکن گنگادھر کی بیٹی تھی، اس لڑکی نے 3 جولائی کو اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگا لی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ پلوی نے دو مرتبہ انٹرمیڈیٹ کا امتحان لکھا تھا اور وہ ناکامی سے پریشان تھی جس نے ناکامی سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر خودسوزی کرلی۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ سجاتا رائے جو سکھ چھاؤنی علاقہ کے ساکن شخص للت رائے کی بیوی تھی، اس خاتون نے یکم ؍ جولائی کو انتہائی اقدام کرلیا۔ سجاتا رائے مسلسل خرابی صحت سے پریشان ہوگئی تھی جس نے خودسوزی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔