انٹلیجنس کے فرضی سروے کی گشت، ایک شخص گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /5 اپریل (سیاست نیوز) مجوزہ آندھراپردیش اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں تلنگانہ کے شعبہ انٹلیجنس کے فرضی سروے شائع کرنے اور مواد گشت کرانے کے الزام میں جوبلی ہلز پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے ساتھ آندھراپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے ٹی ایف سی میڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کی ویب سائیٹ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ تلنگانہ انٹلیجنس نے آندھراپردیش انتخابات کیلئے ایک سروے کیا ہے جس میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو شکست ہونے کا اشارہ دیا تھا ۔ اس غلط خبر کے بعد ریاستی انٹلیجنس کے عہدیدار چوکس ہوگئے اور فوری اس کے خلاف جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے برادر نسبتی ننداموری بالاکرشنا سے تعلق رکھنے والے این بی کے بھون میں واقع ٹی ایف سی میڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کا ادارہ موجود ہے اور اس ادارہ سے تعلق رکھنے والے پانڈو رنگاراؤ اور دیگر نے ایک غلط سروے اپنی ویب سائیٹ پر شائع کرتے ہوئے وائی ایس کانگریس پارٹی کے خلاف غلط اور بے بنیاد پروپگنڈہ کیا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں پانڈو رنگاراؤ کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کیس میں ملوث ایک اہم شخص مفرور بتایا گیا ہے ۔