انڈیا الائنس کو کمزور کرنے نتیش کمار کی این ڈی اے میں واپسی: نارائنا

   

سی پی آئی قومی عاملہ کا آئندہ ماہ حیدرآباد میں اجلاس، ذات پات پر مبنی مردم شماری کا خیرمقدم
حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے خوف سے بی جے پی اپوزیشن کے انڈیا الائنس کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ، اسٹیٹ سکریٹریٹ رکن پی وینکٹ ریڈی اور ای ٹی نرسمہا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ انڈیا الائنس میں اہم رول ادا کرنے والے نتیش کمار کو دوبارہ این ڈی اے اتحاد میں شامل کرتے ہوئے اپوزیشن کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے سیکولرازم پر ایقان کا اظہار کیا تھا لیکن سیاسی موقع پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے این ڈی اے میں واپسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو بہار کے عوام اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ ڈاکٹر نارائنا کے مطابق سی پی آئی کی قومی عاملہ کا اجلاس 2 تا 4 فروری حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں قومی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی دور حکومت میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ سے عین قبل نامکمل رام مندر کا افتتاح کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں اروند کیجروال حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ہر رکن اسمبلی کو 25 کروڑ روپئے کا پیشکش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام سیکولر پارٹیوں کے حق میں فیصلہ سنائیں گے۔ نارائنا نے کہا کہ آندھرا پردیش میں جگن اور چندرا بابو نائیڈو دونوں بی جے پی سے قربت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں شکست کے باوجود بی آر ایس قائدین نے سبق نہیں سیکھا ہے۔کے ٹی آر اور دیگر قائدین غیر ضروری بیان بازی میں مصروف ہیں۔ سی پی آئی نے تلنگانہ میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔1