انڈین نیوی کو اراضی کے الاٹمنٹ میں تاخیرپر چیف منسٹر سے نمائندگی

   

مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے،سابق رکن اسمبلی رام موہن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی کانگریس ٹی رام موہن ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور وقارآباد ضلع میں جنگلاتی اراضی کو انڈین نیوی کے حوالے کرنے کیلئے یادداشت پیش کی۔ رام موہن ریڈی نے اپنے مکتوب میں چیف منسٹر سے خواہش کی کہ شریمتی شوبھا کنزرویٹر آف فاریسٹ کو ہدایت دی جائے کہ وقار آباد ضلع میں 2900 ایکر اراضی انڈین نیوی کے حوالے کی جائے تاکہ وہاں 1800 کروڑ کے سرمایہ سے لو فریکوینسی راڈار اسٹیشن تعمیر کیا جائے۔ تلنگانہ حکومت نے ڈسمبر 2017 میں اراضی کے الاٹمنٹ کا جی او جاری کیا تھا تاہم یہ اراضی ابھی تک انڈین نیوی کے حوالے نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ پراجکٹ کے قیام سے مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ اطراف واکناف کے علاقوں میں بالواسطہ طور پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میدک اور رنگاریڈی ضلع میں مرکزی حکومت کے بعض اداروں کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوا ہے جن میں بی ایچ ای ایل، بی ڈی ایل اور آرڈیننس فیکٹری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین نیوی ہندوستان کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا اراضی جلد سے جلد حوالے کی جائے کیونکہ یہ معاملہ 2017 سے زیر التواء ہے۔