انگریزی تحریر و تقریر میں مہارت کامیابی کی ضامن

   

سی ای ڈی ایم سے اسپوکن انگلش کورس کا افتتاح ، پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /16 اکٹوبر (پریس نوٹ) انگریزی بین الاقوامی رابطہ کی زبان ہے اس میں مہارت خاص طور پر تحریر و تقریر میں مہارت کامیابی کی ضامن ہوتی ہے ۔ عموماً یہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ اپنے پیشوں میں ماہر ہوتے ہیں لیکن انگریزی تحریر و مواصلات پر قدرت نہ رکھنے کی وجہ سے خاطر خواہ ترقی نہیں کرسکتے اور طلبہ اعلیٰ نشانات کے ساتھ ڈگری حاصل کرنے کے بعد جب ملازمت کی تلاش میں نکلتے ہیں تو درخواست لکھنے اور انٹرویو کا سامنا کرنے میں انہیں دقت محسوس ہوتی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے نظام کالج میں اسپوکن انگلش کورس کے افتتاح کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ انٹر / ڈگری اہلیت کے حامل اقلیتی طلبہ کی ہمت افزائی اور ان میں خود اعتمادی کے جذبہ کو پروان چڑھانے کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیرسرپرستی مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات سی ای ڈی ایم عثمانیہ یونیورسٹی کے زیراہتمام یہ دو ماہی کورس ’’کمیونیکیشن اسکلس ان انگلش‘‘ شروع کیا گیا ہے ۔ طلبہ کو چاہیے کہ پابندی کے ساتھ اس کورس سے استفادہ کریں اور پابندی سے حاضر رہنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا ۔ نیز پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اقلیتوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر مسابقتی امتحانات مثلاً پالی سٹ ، ایمسٹ ، نیٹ ، ایڈسٹ ، آئی ۔ سیٹ ، ای ۔ سٹ ، ڈائٹ سٹ ، ٹیٹ ، ٹی ۔ آر ۔ ٹی کی مفت کوچنگ کے علاوہ ریاستی سطح کے گروپ سرویس اور سیول سرویسس امتحانات کیلئے بھی کوچنگ دی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے مالی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے ۔