انگلینڈ دورے سے قبل افریقی کھلاڑی کورونا سے متاثر

   

کیپ ٹاؤن۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے جنوبی افریقہ کا ایک کرکٹر کورونا سے متاثر ہوگیا ہے جبکہ اس کے رابطے میں آنے والے دو دیگر کھلاڑیوںکو بھی کیپ ٹاؤن میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے اس کی تصدیق کی ہے لیکن تینوں کھلاڑیوں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے ۔ سی ایس اے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک کھلاڑی کی کورونا جانچ رپورٹ متاثر ملی ہے جبکہ اس کھلاڑی کے رابطے میں آنے والے دیگر دوکھلاڑیوں کو حفاظت کے مدنظر طبی ٹیم کی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ حالانکہ سیریز کے لئے ابھی متبادل کھلاڑیوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن بورڈ نے کہاکہ21 نومبر سے ہونے والے پریکٹس میچ سے پہلے دو کھلاڑی ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین27 نومبرسے محدود اوور کی سیریزکی شروعات ہورہی ہے جس میں تین ٹی20 میچوں کے علاوہ تین ونڈے میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے کرکٹ کے حالات بھی بدل چکے ہیں کیونکہ کھلاڑیوں کو کسی بھی ملک کے دورہ سے پہلے کورونا ٹسٹ کیا جارہا ہے اور پھر بیرون ملک جانے پر ٹسٹ اور قرنطینہ کیا جارہا ہے۔