اوشدھی کیندروں کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط اور جدید بنایا جائے: مانڈویہ

   

نئی دہلی: کیمیکلز اور کھادوں اور صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے آج یہاں جن اوشدھی کیندروں کیلئے قرض امدادی پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا اور فارماسیوٹیکل اینڈ میڈیکل ڈیوائسز بیورو آف انڈیا کے درمیان ایک مفاہمت نامے کے تبادلے کی تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ وہ دوائیں جو سستی اور قابل رسائی ہوں، کسی بھی معاشرہ کیلئے ایک لازمی ضرورت ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے انہیں غریبوں کیلئے ’سنجیونی‘ کہا ہے ۔ 2014 میں صرف 80 جن اوشدھی کیندروں سے ، آج ملک بھر میں تقریباً 11,000 یونٹ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 10 سے 12 لاکھ لوگ روزانہ ان جن اوشدھی کیندروں کا دورہ کرتے ہیں، جس سے انہیں اہم بچت اور مطلوبہ ادویات تک رسائی حاصل ہوتی ہے ۔