اوفر ملٹری جیل پر اسرائیلی حملہ، 100 فلسطینی قیدی زخمی

,

   

راملہ ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج کے اوفر فوجی جیل پر دھاوا کرنے کے بعد کم و بیش 100 فلسطینی قیدی زخمی ہوگئے۔ اوفر جیل راملہ کے مغربی علاقہ میں واقع ہے۔ دریں اثناء فلسطینی سوسائٹی آف پریزنرس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے ربر کی گولیاں چلائیں، آنسو گیس کے شیلز اور آواز پیدا کرنے والے بم داغے جبکہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف پولیس کے کھوجی کتوں کا بھی استعمال کیا جنہوں نے کئی قیدیوں کو زخمی کردیا جبکہ ایک کثیر تعداد ربر کی گولیوں سے بھی زخمی ہوئی جن میں سے 20 قیدیوں کا اسرائیلی ہاسپٹلس میں علاج کیا گیا جبکہ مابقی کو دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جیل میں قید فلسطینیوں نے پیر کے روز سے بھوک ہڑتال کر رکھی تھی اور اسی وجہ سے جیل کے بعض حصوں کو بند رکھا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی قیدیوں پر انتہائی سفاکانہ طور پر حملہ کیا اور اگر فلسطینی قیدی مزاحمت نہ کرتے تو ان میں سے کئی قیدیوں کی جان بھی جاسکتی تھی۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO) نے بھی اس بات کی توثیق کی جیل کے ایک یونٹ، اسرائیلی جیل خانے کا خصوصی آپریشن یونٹ نے بھی اوفر جیل کے قیدیوں پر حملہ کیا۔ یاد رہیکہ اوفر جیل میں اس وقت تقریباً 1000 فلسطینی قید ہیں جبکہ فلسطین کے سرکاری ذرائع کے مطابق اسرائیل کی دیگر جیلوں میں بھی تقریباً 6000 فلسطینی جن میں خواتین کی بھی کثیر تعداد ہے۔