اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی تفصیلات تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت

   

صدرنشین محمد سلیم کا جائزہ اجلاس، مقدمات کی تفصیلات ہائی کورٹ میں پیش کی جائیں گی
حیدرآباد۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست بھر میں اوقافی اراضیات پر ناجائز قبضوں اور قابضین کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ تیار کریں تاکہ ہائی کورٹ میں پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے آج بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ آئندہ ایک ہفتے تک تمام عہدیداروں کو ریاست کی اوقافی جائیدادوں پر مشتمل رپورٹ کی تیاری میں مشغول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضے اور اس کے ذمہ داروں کی تفصیلات تیار کی جائیں۔ بورڈ کی جانب سے ریاست بھر میں قابضین کے خلاف جو مقدمات درج کئے گئے ان کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ہائی کورٹ میں سینئر کونسل کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں جائیدادوں کی موجودہ صورتحال پر رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ لیکن بنچ نے مقدمات اور قابضین کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اوقافی جائیداوں پر ناجائز قبضوں کے معاملے میں سخت نوٹ لیتے ہوئے وقف بورڈ کو 11 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے بورڈ کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جس پر بورڈ کے اسٹانڈنگ کونسل نے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے سے اتفاق کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ نے ہر ضلع میں قابضین کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں جس کی تفصیلات جائیدادوں اور قابضین کے ناموں کے ساتھ عدالت میں پیش کی جائیں گی۔