کئی جائیدادیں رشتہ داروں کے نام منتقل، رشوت ستانی کے ذریعہ ملی بھگت
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں کی تباہی کے لئے وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین ذمہ دار ہیں اور ان کی کارستانیوں کی جامع تحقیقات کروائے جانے پر اس بات کا انکشاف ہوگا کہ اعلیٰ عہدیداروں اور بورڈ کے ذمہ داروں کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے کس طرح سے ان ملازمین نے وقف بورڈ کی جائیدادوں کو کوڑیوں کے مول قابضین کے حوالہ کرتے ہوئے ان کی پشت پناہی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی کروڑرہا روپئے مالیاتی اراضی پر قبضہ کی راہ ہموار کرنے کے لئے اور اس قبضہ کی گئی موقوفہ اراضی پر غیر مجاز تعمیر کو یقینی بنانے کے لئے چند ہزار روپئے رشوت حاصل کرتے ہوئے گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کی چوکیداری جس کے ذمہ کی گئی تھی اس شخص نے ہی اس اراضی پر قبضہ کروایا اور اس کے لئے 50ہزار روپئے وصول کئے ۔ اس کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کو جو برسوں سے مقفل اور لاوارث ہیں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے وقف بورڈ کی ملازمین اپنے رشتہ داروں کے نام پر ان جائیدادوں کو حاصل کرنے کے لئے جو منظم سازش کر رہے ہیں اور اپنے افراد خاندان و رشتہ داروں کے نام پر انتہائی معمولی کرایہ پر ان جائیدادو ں کو حاصل کر رہے ہیں اس کے متعلق بھی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی ضرورت ہے کیونکہ وقف بورڈ میں کسی بھی جائیداد کے حصول کے لئے درخواست موصول ہوتے ہی اسی جائیداد کے لئے وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے افراد کی درخواستیں ان کے رشتہ داروں کے نام سے داخل کردی جاتی ہیں جس کے کئی ایک ثبوت اور شواہد موجود ہیں اور بعد ازاں یہ درخواست گذار حقیقی درخواست گذار کو ہراساں کرنے لگتے ہیں اور اسے بلیک میل کرنے کی پالیسی اختیارکرتے ہوئے اس سے رقومات اینٹھنے لگتے ہیں۔ وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے بیشتر ملازمین کے کئی رشتہ دار بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو ایک دوسرے سے اعانت کرتے ہوئے درخواستوں کے علاوہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں سے قابضین کو مطلع کرتے ہوئے ان سے بھی بھاری رقومات وصول کرتے ہیں ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے وقف بورڈ کے ملازمین کی ان تمام کاروائیوں اور طریقہ کار سے شخصی طور پر واقفیت حاصل کرنے کے بعد چیف اکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب سید خواجہ معین الدین کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی اور ان کے کرایہ داروں کی تفصیلات بالخصوص وقف ملازمین کے رشتہ داروں کے قبضہ میں موجود جائیدادوں کی تفصیلات یکجا کرتے ہوئے کاروائی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ بدعنوان ملازمین جو بورڈ میں خدمات انجام دیتے ہوئے جائیدادوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔