اپل سنگین قتل کیس کے قاتل گرفتار، قاتلوں میں ماں بیٹی بھی شامل

   

ناجائز تعلقات اصل وجہ، ڈی سی پی ملکاجگری پدمجا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24 فبروری (سیاست نیوز) اپل پولیس نے سنگین قتل کی واردات میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کرلیا، جن میں ماں بیٹی بھی شامل ہیں۔ 21 فبروری کی رات حملہ میں زخمی 43 سالہ پی سائی کمار 22 فبروری کو ہاسپٹل میں فوت ہوگیا تھا۔ اپل پولیس نے اس معاملہ میں کارروائی کرتے ہوئے چار افراد بشمول دو خواتین (ماں بیٹی) کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری زون پدمجا نے بتایا کہ 42 سالہ دیپک کمار، 40 سالہ شاردھا، 23 سالہ شیوانی اور 35 سالہ بالا کرشنا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتول سائی کمار سے دیپک کی دشمنی تھی جو سائی کمار کو قتل کرنے کا موقع تلاش کررہا تھا۔ مقتول اور قاتل آپس میں رشتہ دار ہیں۔ سائی کمار سے دیپک کی بیوی کے ناجائز تعلقات کے شبہ میں دیپک نے بیوی کا قتل کردیا تھا اور جیل کی سزاء کاٹ چکا ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد دیپک خاندان کی تباہی کا سبب بننے والے سائی کمار کو مٹانا چاہتا تھا اور موقع کی تلاش میں تھا۔ اس دوران سائی کمار دیپک کے بھائی کی بیوی جو خود اس کی بھی بھابی ہوا کرتی تھی۔ جنسی خواہش کی تکمیل کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا۔ شاردھا بیوی ہے جو اپنی جوان بیٹی کے ساتھ رہتی تھی۔ سائی کمار انہیں جنسی خواہش کی تکمیل کیلئے شدید ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ اس بات کا پتہ چلنے کے بعد دیپک نے انہیں اپنی سازش میں شامل کرلیا اور کئی مرتبہ ان تینوں کی ملاقات ہوئی اور منصوبہ تیار کیا گیا۔ دیپک نے اس واردات کو انجام دینے کیلئے اپنے جیل کے ساتھی بالاکرشنا کو سازش میں شامل کرلیا۔ ان کی ملاقات چرلہ پلی جیل میں ہوئی تھی۔ بالاکرشنا دوہرے قتل کیس کے سلسلہ میں قید تھا۔ بالاکرشنا نے دیپک کی سازش میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا اور 21 فبروری کی رات منصوبہ بند طریقہ سے سائی کمار کو شاردھا کے ذریعہ اپل اسٹیڈیم کے قریب طلب کیا۔ سائی کمار کے آنے کے بعد شاردھا نے اس کو باتوں میں مشغول کردیا اور شیوانی نے منصوبہ کے مطابق مقتول کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر چھڑک دیا، جس کے بعد دیپک نے چاقو سے متعدد وار کرتے ہوئے سائی کمار کا قتل کردیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع