اچھی پچ کسے کہتے ہیں ؟اشون کا سوال

   


احمدآباد۔انگلینڈ کے خلاف احمد آباد ٹسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون نے پِچ پر تنقید کرنے والوں سے سوال کیا کہ اچھی پچ کی تعریف کیا ہے؟ برائے مہربانی سمجھائیں۔اشون نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ کے بعد کئی افراد نے مجھے پیغام روانہ کرکے کہا کہ یہ محض دو دن میں ہی ختم ہوگیا۔ میں ان لوگوں سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ گلابی گیند سے کھیلے گئے اْن تمام تین ٹسٹ میچز کے بارے میں وہ کیا کہیں گے جو ہندوستان نے کھیلے اور ان سبھی کا نتیجہ محض تین دن کے اندر ہی آگیا۔ ایسے لوگ محض پِچ کے تعلق سے اپنی رائے کا اظہار کر دیتے ہیں۔ ان لوگوں نے گلابی گیند والے ٹسٹ میچ نہیں کھیلے ہیں اس لئے انہیں ایسے ٹسٹ میچ کا اندازہ نہیں ہے۔آف اسپنر نے کہا کہ میری پوری ناراضگی اس بات پر ہے کہ جو لوگ پِچ کی تنقید کررہے ہیں ایسے لوگ اْس وقت پچ کے سلسلے میں خاموش رہتے ہیں جب ہم میچ ہارتے ہیں۔ کسی بھی میچ میں بولراچھی بولنگ کرکے میچ کو جیتنا چاہتے ہیں جبکہ بیٹسمینوںکو رنز بنانے کے لئے شاندار طریقے سے بیٹنگ کرکے میچ کا رخ اپنی جانب موڑنا ہوتا ہے۔ اس بابت کوئی سوال نہیں ہے۔