اکھلیش کیا میرٹھ سے کسی مسلمان امیدوار کو موقع دیں گے؟

   

لکھنو:مغربی اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی گہری مخمصے میں ہے۔ پارٹی اپنے امیدواروں کا انتخاب نہیں کر سکی۔ گزشتہ روز پورے دن کے ڈرامے کے بعد امام محب اللہ اور روچی ویرا کو رام پور اور مرادآباد سیٹوں سے امیدوار بنایا گیا۔ اب مغربی یوپی کی میرٹھ لوک سبھا سیٹ سے امیدوار کی تبدیلی کی خبریں ہیں۔ آج اکھلیش یادو نے اس پر سماج وادی پارٹی کے دفتر میں میٹنگ بھی بلائی ہے۔ سماج وادی پارٹی نے اس سیٹ سے بھانو پرتاپ سنگھ کو اپنا امیدوار قرار دیا تھا اور ان کی جگہ لینے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ میرٹھ سے سماج وادی پارٹی کے تین ایم ایل اے ہیں شاہد منظور، رفیق انصاری اور اتل پردھان۔ ذرائع کے مطابق اتل پردھان یاکسی اور لیڈر یوگیش ورما کو ٹکٹ مل سکتا ہے۔ یوگیش ورما بی ایس پی سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ 2019 میں انہوں نے بی ایس پی سے بلند شہر سیٹ سے لوک سبھا کا انتخاب بھی لڑا تھا، جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اتل پردھان کے بارے میں بات کریں تو وہ میرٹھ کی سردھنا سیٹ سے ایم ایل اے ہیں اوراکھلیش یادو کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں بی جے پی کے سینئر لیڈر سنگیت سوم کو شکست دی تھی۔ ان کی اہلیہ نے 2022 میں میرٹھ سے میئر کا انتخاب بھی لڑا ہے، جس میں انہیں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ تیسرے نمبر پر رہیں۔