اگنی ویر امیدواروں کو دلالوں سے ہوشیار رہنا چاہئے : لیفٹننٹ سبرامنی

   

لکھنؤ: فوج کی سنٹرل کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنی نے اگنی ویر کے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دلالوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھیں۔لیفٹیننٹ جنرل نے جمعہ کو لکھنؤ چھاؤنی کے اے ایم سی سینٹر اسٹیڈیم میں جاری اگنی ویر بھرتی ریلی کا دورہ کیا۔ زونل ریکروٹمنٹ آفیسر میجر جنرل منوج تیواری نے انہیں بھرتی کے عمل کے بارے میں تفصیلی معلومات مہیا کی۔ لیفٹیننٹ جنرل سبرامنی نے ریلی کے انتظامات اور بھرتی میں شامل تمام اہلکاروں کی مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے کی تعریف کی۔بعد ازاں انہوں نے ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دلالوں کے مذموم وعدوں سے متاثر ہونے کے بجائے تمام امیدواروں کو اپنی میرٹ کی بنیاد پر ریلی میں شرکت کرنی چاہیے ۔ آر او ہیڈ کوارٹر لکھنؤ کے تحت 13 اضلاع کیلئے اگنی ویر بھرتی ریلی 16 نومبر کو شروع ہوئی۔آج قنوج کی تین تحصیلوں، چترکوٹ کی دو تحصیلوں، باندہ کی پانچ تحصیلوں، مہوبہ کی تین تحصیلوں، حمیر پور کی چار تحصیلوں اور بارہ بنکی کی ایک تحصیل کے امیدواروں نے بھرتی ریلی میں حصہ لیا۔ مذکورہ علاقوں سے تقریباً 1500 امیدواروں نے آج کی ریلی کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ بھرتی ریلی میں تقریباً 1130 امیدوار شریک ہوئے ۔