ایران،وینزویلا اورسوڈان کا جنرل اسمبلی میں ووٹ کا حق معطل

,

   

نیویارک ۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ایران، وینزویلا اور سوڈان سمیت 8 ممالک اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے حق سے محروم ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کو لکھے گئے ایک خط میں بتایا کہ اس عدم ادائیگی کی وجہ سے ووٹنگ کے حق سے محروم ہونے والوں میں انٹیگوا اور باربوڈا، جمہوریہ کانگو، گنی، پاپوا نیوگنی اور وانواتو بھی شامل ہیں جن کے ووٹنگ حقوق فوری طور پر معطل ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر میں کہا گیا ہے کہ وہ اراکین جن کے بقایات گزشتہ دو برسوں کے بقایاجات کے مساوی یا اس سے زیادہ ہوں تو وہ اپنے ووٹنگ کے حق سے محروم ہوجاتے ہیں۔ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، جنرل اسمبلی نے فیصلہ کیا کہ بقایاجات کی عدم ادائیگی کی فہرست میں شامل تین افریقی ممالک کوموروز، ساوٹوم اور پرنسپے اور صومالیہ کے ووٹنگ کے حقوق برقرار رکھے جائیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خط کے مطابق ووٹنگ حقوق کی بحالی کے لیے ایران کو کم سے کم ایک کروڑ 84 لاکھ 12 ہزار 438 ڈالر، وینزویلا کو کم از کم 3 کروڑ 98 لاکھ 50 ہزار 761 ڈالر اور سوڈان کو کم از کم 2 لاکھ 99 ہزار 44 ڈالر فوری ادا کرنا ہوں گے جبکہ دیگر ممالک میں سے ہر ایک کو 75 ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ ایران نے جنوری 2021 میں بھی اپنے ووٹنگ حقوق کھو دئے تھے۔ تاہم، اس نے جون میں کم سے کم ادائیگی کرکے یہ حقوق دوبارہ حاصل کر لیے تھے ۔