ایران جانے کی کوشش، 14افغانیوں کی نعشیں برآمد

   

کابل : 2اگست ( یو این آئی ) افغانستان کے جنوب مغربی صوبے نیمروز کے صحرائی علاقے سے ایران جانے کی کوشش کرنے والے 14 افغان باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ افراد کئی ہفتوں سے لاپتا تھے اور شدید گرمی و پیاس کے باعث فوت ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افراد ایک گاڑی کے ذریعے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم راستے میں گاڑی خراب ہونے کے بعد انہوں نے پیدل سفر جاری رکھا۔ رپورٹ کے مطابق امدادی کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب گاڑی کا ڈرائیور شدید پیاس اور تھکن کی حالت میں ایک قریبی گاؤں پہنچا اور مقامی افراد سے مدد طلب کی۔ابتدائی طور پر تلاش کے دوران 5 نعشیں ملی تھیں، جس کے بعد حکام نے دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا۔ بعد ازاں ہفتے کے روز مزید 14 لاشیں صحرائی علاقے میں ریت کے نیچے سے برآمد کی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ نیمروز افغانستان کے گرم ترین اور خشک ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، جس کے باعث طویل پیدل سفر انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔مقامی اسپتال کے ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی نعشیں شدید گرمی اور صحرائی حالات کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو چکی تھیں۔دوسری جانب افغان حکام نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جا سکے۔