ایران نے امریکی پابندیوں کو پھر دہشت گردی قرار دے دیا

,

   

تہران- ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکی اقتصادی پابندیاں دہشت گردی کے مترادف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی پوری توانائیاں ایران کے خلاف استعمال کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی بینکنگ اور تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرنا دہشت گردی کے اقدامات تصور کیے جاتے ہیں، یہ پابندیاں سو فیصد دہشت گردانہ کارروائیاں ہیں۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے، ملکی سالمیت کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ امریکا منافقت پر اتر آیا ہے، امریکا مبینہ طور پر سعودی عرب کو جوہری ٹیکنالوجی فروخت کررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب دنیا بھی جان چکی ہے کہ امریکا کیا کررہا ہے، اور ایران سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ نے کیا حکمت عملی اپنائی ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کا جوہری ڈیل سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔