ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کیا تو پورا مشرق وسطی جوہری خطہ بن جائے گا: اسرائیلی وزیر

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے جوہری نظام کو پوری دنیا کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیا تو پھر مشرق وسطی کے تمام ممالک جوہری بن جائیں گے۔ بینیٹ جمعرات کے روز ’’جوہری ایران کے خلاف اتحاد‘‘کے عنوان سے ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ کانفرنس انٹرنیٹ کے ذریعہ منعقد کی گئی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ایران کا جوہری وجود اسرائیل کے مفاد میں نہیں ہے اور اس کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے‘‘۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق بینیٹ نے زور دیا کہ ’’ہمیں ایران پر دباؤ جاری رکھنا چاہیے اس سلسلے میں اپنی کوششوں کو متحد کرنا چاہیے‘‘۔اقوام متحدہ میں امریکہ کی سابق سفیر نکی ہیلی بھی کانفرنس میں شریک تھیں۔ انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر اس حوالے سے تنقید کی کہ اس نے اپنے اتحادیوں کو ایران کے مقابلے میں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ ہیلی کے مطابق اسرائیل اور مشرق وسطی کے دیگر ممالک کے ساتھ رابطہ کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔یورپی یونین نے چہارشنبہ کے روز اعلان کیا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی کا اجلاس 29 نومبر کو ویانا میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق جوہری بات چیت کے سلسلے میں یورپی یونین کے رابطہ کار انریکی مورا یونین کی خارجہ پالیسی کے ذمہ دار جوزپ بوریل کی طرف سے مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔