تہران:28جون ( یو این آئی ) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے حالیہ حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق دو سے تین بجے کے درمیان بحریہ اور ایرو اسپیس فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کویت میں علی السالم ایئر بیس اور بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر پورٹ سلمان کو نشانہ بنایا۔بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ان حملوں کے دوران امریکی فوج کے آٹھ اہم فوجی انفراسٹرکچر تباہ کیے گئے۔ ایرانی حکام نے اس کارروائی کو امریکہ کی حالیہ فوجی کارروائیوں کا ’فیصلہ کن جواب‘ قرار دیا۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکہ نے اتوار کے روز ایران کے پانچ ساحلی مقامات پر حملے کیے تھے جو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔ایرانی بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ اگر مستقبل میں امریکہ کی جانب سے ایران پر کسی بھی نوعیت کا حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، خواہ حملے کی نوعیت یا حجم کچھ بھی ہو۔دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی برادریصورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔