غلطی کے بغیر درخواستوں کی تکمیل پر زور ، سنگاریڈی میں تربیتی پروگرام سے میناکشی نٹراجن ، مہیش کمار گوڑ کا خطاب
سنگا ریڈی ۔23 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے موضوع پر ضلع سنگا ریڈی کے حلقہ اسمبلی اندول کے بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) کے لیے ایک بیداری پروگرام اور تربیتی کیمپ سنگوپیٹ چوراستہ میں واقع لکشمی دیوی گارڈن میں منعقد کیا گیا۔اس پروگرام میں ریاستی وزیر برائے صحت و طبابت دامودر راج نرسمہا، تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن، اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت اور تلنگانہ پی سی سی صدر بومّا مہیش کمار گوڑ نے شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن انچارج کانگریس نے کہا کہ ایس آئی آر کے تحت عوام میں بیداری اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے ایس آئی آر سروے کے دوران پوری توجہ کے ساتھ عوام کے ساتھ ایس آئی آر درخواستوں کو بنا کسی غلطی کے مکمل کرتے ہوئے پیش کروانے کی کوشش کریں۔ مہیش کمار گوڑ صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی نظر ثانی 25 جون سے ایس آئی آر شروع ہو رہا ہے کسی قسم کی غفلت نہ کریں۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے کام انجام دینے میں ناکام ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دمو در راج نرسمہا نے بوتھ لیول ایجنٹس کو اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے سلسلے میں اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل افراد کو ووٹر کے طور پر رجسٹر کیا جائے اور ووٹر فہرستوں میں موجود غلطیوں کی اصلاح کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کو اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کے بارے میں بیدار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے ووٹ کے حق سے محروم نہ رہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور ہر بوتھ لیول ایجنٹ کو SIR کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے تاکہ اس پروگرام کے بنیادی مقصد کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے اس موقع پر رکن پارلیمان سریش شیٹکر، رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجیو ریڈی، ڈی سی سی صدر اورTGIIC چیئر پرسن نرملا جگا ریڈی، کاٹا سرینواس گوڑ کانگریس قائدین اور کارکنان بھی موجود تھے۔