ایس ایس سی امتحانات میں فرائض سے غفلت پر 3 ٹیچرس معطل

   

امتحانی مراکز پر بہتر سہولتیں، نقل نویسی کو روکنے احتیاطی تدابیر
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست میں سخت انتظامات کے دوران ایس ایس سی امتحانات کا کل آغاز ہوا جس میں تقریباً 5 لاکھ امیدوار شرکت کررہے ہیں۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے ریاست کے 2676 امتحانی مراکز پر نقل نویسی کو روکنے کیلئے سخت چوکسی اختیار کی ہے۔ فلائنگ اسکواڈس کے علاوہ سیٹنگ اسکواڈس کو تعینات کیا گیا ہے جو وقفہ وقفہ سے امتحانی مراکز کا دورہ کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ سال ایس ایس سی کے تلگو امتحانی پرچہ کے افشاء کے پیش نظر حکام نے اس مرتبہ تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ ڈائرکٹر سرکاری امتحانات کے مطابق پہلے دن 493497 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا اور1460 امیدوار غیر حاضر رہے۔ کھمم اور آصف آباد میں نقل نویسی کے جملہ 5 واقعات کا پتہ چلایا گیا اور کھمم ضلع میں ایک جبکہ آصف آباد میں 2 انویجلیٹرس کو معطل کردیا گیا۔ ڈیوٹی سے غفلت برتنے کے الزام میں جملہ تین ٹیچرس کی معطلی عمل میں لائی گئی۔ 1
حکام نے تاخیر سے پہنچنے والے طلبہ کیلئے پانچ منٹ کی رعایت رکھی ہے۔ امتحان کا وقت صبح 9:30 تا دوپہر 12:30 بجے رکھا گیا ہے۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کم از کم ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ امتحانی مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسوں کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ امیدوار مقررہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ خصوصی بسوں کا انتظام 2 اپریل یعنی امتحانات کے آخری دن تک جاری رہے گا۔ آر ٹی سی بسوں میں طالبات مہا لکشمی اسکیم کے تحت اپنے قدیم بس پاس یا ہال ٹکٹ کی بنیاد پر مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار روزانہ ضلع کلکٹرس سے امتحانات پر رپورٹ طلب کررہے ہیں۔1